وزیراعلی مریم نواز کی موجودگی میں سعودی سفیر نے ٹرک پی ڈی ایم اے کے سپرد کیے
سیلاب متاثرین کو خیمے، سولر پینلز، ایل ای ڈی، کچن سیٹ، کمبل اور دیگر اشیا کا تحفہ دیا گیا
لاہور(یواین پی)سعودی عرب کے کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے پنجاب کے 7 اضلاع کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان کے 5 ٹرک پہنچادیے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں سعودی سفیر سعید بن نواف المالکی نے امدادی سامان کے پانچ ٹرک پی ڈی ایم اے کے سپرد کیے۔کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے امدادی سامان 10,000 شیلٹر کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجز پر مشتمل ہے، سیلاب متاثرین کو خیمے، سولر پینلز، ایل ای ڈی، کچن سیٹ، کمبل اور دیگر اشیا کا تحفہ دیا گیا ہے۔قصور۔ جھنگ۔ خانیوال،حافظ اباد۔ چنیوٹ۔ ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سیلاب متاثرین کو امدادی سامان دیا جائے گا۔کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی قافلہ روانہ کردیا گیا۔شیلٹر کٹ میں خیمہ، سولر پینل، ایل ای ڈی لائٹس، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹ، پائیدار کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن ہے، اس کے علاوہ 95 کلوگرام فوڈ پیکچ میں آٹا، چینی، دال چنا اور کوکنگ آئل شامل ہے۔تقریب میں کنٹری ڈائریکٹر عبداللہ البقمی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے حکام نے شرکت کی۔