مصر کے راستے غزہ میں امدادی ٹرک داخل: اسرائیلی حملوں میں وقفہ

 ٹرکوں میں غذا اور انفرا اسٹرکچر کا سامان موجود ،المواصی، دیرالبلاح اور غزہ شہر میں روزانہ صبح 10 سے شام 8 بجے تک فوجی کارروائیوں میں وقفہ ہو گا
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے متعدد ممالک اور عوام کے شدید احتجاج اور دباؤ کے بعد غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے۔مصر سے متعدد امدادی ٹرک رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔ان ٹرکوں میں غذا اور انفرا اسٹرکچر کا سامان موجود ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے امداد کی ترسیل کے لیے غزہ کے کچھ علاقوں میں کارروائیوں میں 10 گھنٹوں کے وقفے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد مصر سے امدادی ٹرک 27 جولائی کی سطح غزہ میں داخل ہوئے۔مصری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ امدادی سامان غزہ پہنچایا جا رہا ہے۔البتہ مصری ہلال احمر یا دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے ٹرک غزہ بھیجے گئے ہیں یا مزید امداد کب پہنچائی جائے گی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ کے 3 علاقوں میں فوجی کارروائیوں میں وقفے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے 3 علاقوں میں روزانہ فوجی کارروائیوں میں 10 گھنٹے کا وقفہ ہو گا۔اسرائیلی فوج کے مطابق المواصی، دیرالبلاح اور غزہ شہر میں روزانہ صبح 10 سے شام 8 بجے تک فوجی کارروائیوں میں وقفہ ہو گا۔ادھر اسرائیلی فوج کے غزہ پر ظالمانہ حملے جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں المواصی میں 5 اور دیر البلاح میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔