ریاض: سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریاض ایئرپورٹ پر دو حملوں کے نتیجے میں تین افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں سعودیہ ایئرلائنز کے پائلٹ کیپٹن حمود علی الکلثمی بھی شامل ہیں۔سعودیہ ایئرلائنز نے اپنے بیان میں پائلٹ کیپٹن حمود علی الکلثمی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جمعرات کو ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں جان سے گئے۔ ان کی ہلاکت کی خبر کے بعد فضائی کمپنی کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا۔عرب نیوز کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر دو الگ الگ حملے کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسرے حملے میں سعودیہ ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان کے علاوہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق حملوں کے فوراً بعد ہنگامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ حکام نے کارروائیاں شروع کردیں۔ حکام کے مطابق حملوں میں تین سعودی شہری ہلاک ہوئے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایئرپورٹ پر موجود مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایئرپورٹ کی تمام آپریشنل سرگرمیاں بحال کردی گئی ہیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آگئی ہے۔ حکام کی جانب سے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اور آپریشنل امور کی نگرانی جاری ہے۔حملوں کی مزید تفصیلات، ذمہ داروں اور واقعے کے محرکات سے متعلق معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔