پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز آج 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی۔
سیریز کے تینوں میچز پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پی سی بی لائیو پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا میچ آج، دوسرا میچ 11 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ تینوں مقابلے شام 6 بجے شروع ہوں گے۔شائقین کرکٹ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس موبائل فونز کے علاوہ ویب سائٹ کے ذریعے بھی پی سی بی لائیو پر میچز دیکھ سکیں گے۔ اس اقدام کے ذریعے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے مقابلوں تک شائقین کی رسائی آسان بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔پی سی بی لائیو پر براہِ راست میچز کے علاوہ میچز کی ہائی لائٹس، کھلاڑیوں کے انٹرویوز، تجزیے اور کرکٹ سے متعلق خصوصی مواد بھی دستیاب ہوگا۔ یہ پلیٹ فارم پاکستان کرکٹ کے لائیو ایکشن کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ اور سابقہ میچز کا محفوظ شدہ مواد بھی فراہم کرتا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز بھی پی سی بی لائیو پر براہِ راست نشر کی گئی تھی۔ بورڈ کے مطابق آئندہ کرکٹ مقابلوں کی لائیو اسٹریمنگ کے لیے بھی اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو استعمال کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر لائیو کرکٹ کی تشہیر کے لیے ایک ٹی وی کمرشل بھی جاری کیا ہے، جس کا مقصد شائقین کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کرکٹ سے منسلک کرنا ہے۔