ایکسپو سینٹر میں پولٹری نمائش شروع ،صوبائی وزیر کاسٹالز کامعائنہ

حکومت پولٹری فیڈ نرخوں میں کمی، سویا بین کی کاشت کیلئے اقدامات کر رہی:شافع حسین 
لاہور (خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹا ئون میں 26 ویں انٹرنیشنل پولٹری نمائش کا افتتاح کیا۔ پولٹری سیکٹر سے وابستہ مقامی کمپنیوں کے علاوہ 26انٹرنیشنل کمپنیاں بھی سٹالز پر اپنی مصنوعات کی نمائش کررہی ہیں۔صوبائی وزیر نے چیئرمین پولٹری ایسوسی ایشن کے ہمراہ سٹالز کا معائنہ کیا ،نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ایسی نمائشیں کاروباری روابط بڑھانے اور آگاہی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔پولٹری پروٹین کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے۔حکومت پولٹری فیڈ کی قیمتوں میں کمی اور سویا بین کی کاشت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ فیڈ سستی ہوگی تو مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔ امریکا،کینڈا اور ارجنٹینا سویا بین کی کاشت میں مہارت رکھتے ہیں ان سے معاونت لی جائیگی۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بھی سویا بین باریریسرچ ہورہی ہے۔جدید زراعت کے فروغ کیلئے چین کیساتھ اشتراک ہے تاہم چاہتے ہیں کہ جدید زرعی مشینری مقامی سطح پر تیار ہو۔صوبائی وزیر نے کہا پاوور لومز کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔صنعت کا پہیہ کسی صورت رکنے نہیں دینگے۔ملک اسوقت لانگ مارچ اور احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ مذاکرات ہی تمام مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست کرنیوالے ملک وقوم پر رحم کریں۔ ملکی ترقی کیلئے ہر فرادکو کردار ادا کرناہوگا۔