ایکسپو سینٹرمیں کی 4 روزہ ایگاٹیکس پاکستان نمائش کا افتتاح

500 سے زائد کمپنیوں کے سٹالزپراشیاکی نمائش، وزیر صنعت و تجارت نے معائنہ کیا
لاہور (خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹا ئون میں پاکستان کی سب سے بڑی گارمنٹس، ٹیکسٹائل مشینری اور اسیسریز کی 4 روزہ ایگاٹیکس پاکستان نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرسی ای او فیکٹ ایگزیبیشنز سلیم خان تنولی،معزز غیر ملکی مہمان اور صنعت سے وابستہ معروف کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ 30 ممالک سے ساڑھے 500 سے زائد کمپنیاں 18 اکتوبر تک اپنے سٹالز پر اشیاکی نمائش کررہی ہیں۔ صنعتی ماہرین اور سٹیک ہولڈرز بھی شریک ہیں۔ صوبائی وزیر نے نمائش پرسٹالز کا معائنہ کیا اور مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،کامیاب نمائش پر منتظمین کو مبارکباد دی اور میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ایگاٹیکس پاکستان جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرانے، جدت کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی ٹیکسٹائل صنعت کو مضبوط بنانے کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے ،ایسی نمائشیں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایک سوال پرصوبائی وزیر نے کہا پنجاب حکومت نہروں پرپر20،20 میگا واٹ کے چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس لگانے کی پلاننگ کر رہی ہے ۔پانی سے بجلی بنانے کے منصوبوں سے بجلی نرخوں میں کمی کی جاسکتی ہے۔سلیم تنولی اس موقع پر نے کہا ہمارا مقصد مقامی صنعتکاروں کو عالمی ٹیکنالوجی فراہم کرنیوالی کمپنیوں سے جوڑنا، کاروباری شراکت داری کو آسان بنانا اورٹیکسٹائل شعبے کو جدت اور پائیدار ترقی کی طرف راغب کرنا ہے