پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں، مہنگائی کے باعث عوام کی قوتِ خرید متاثر ہونے لگی، جبکہ شہریوں نے حکومتی پالیسیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جبکہ پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف سفری اخراجات تک محدود نہیں رہتے بلکہ اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ محدود آمدن اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث گھریلو بجٹ کا توازن برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف فراہم کیا جائے۔