ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان، عباس آفریدی کپتان مقرر

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان، عباس آفریدی کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں نوجوان آل راؤنڈر عباس آفریدی کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

 قومی اسکواڈ سات کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جبکہ رضا کچلو ٹیم کے مینجر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔تفصیلات کے مطابق تین روزہ ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلا جائے گا، جس میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کو گروپ سی میں شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹیم میں کپتان عباس آفریدی کے علاوہ عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود شامل ہیں۔ ٹیم ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے گروپ مرحلے کے میچز کھیلے گی۔

پاکستانی ٹیم 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوگی، جہاں قومی کھلاڑی مختصر فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔ ہانگ کانگ سکسز میں ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہے، جس کے باعث بیٹنگ اور بولنگ میں تیز رفتار کارکردگی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے اور ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔