ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کرلی۔
قومی ٹیم نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ کے علاقے مونگ کوک میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارتی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 11 گیندوں پر 40 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 89 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز نے میدان میں اترتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور بھارتی بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔پاکستان کی جانب سے خواجہ نافع نے محض 12 گیندوں پر 41 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان عباس آفریدی نے صرف 8 گیندوں پر 35 رنز بنا کر بھارتی بولنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے ہدف صرف 3.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پہلے میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا
واضح رہے کہ پاکستان کو ہانگ کانگ سکسز کے اپنے پہلے گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم قومی ٹیم نے دوسرے مقابلے میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔