ہانگ کانگ سکسز کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت گروپ سی میں شامل

ہانگ کانگ سکسز کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت گروپ سی میں شامل

 ہانگ کانگ سکسز کے 22ویں ایڈیشن کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام 25 میچز 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ٹن کوونگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کو گروپ سی میں روایتی حریف بھارت اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔پاکستان نے گزشتہ سال فائنل میں کویت کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔گروپ اے میں آسٹریلیا، میزبان ہانگ کانگ، چین اور انگلینڈ شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا موجود ہیں۔ گروپ ڈی میں جنوبی افریقا، عمان اور افغانستان کو رکھا گیا ہے۔پاکستان 30 اکتوبر کو صبح 7 بج کر 35 منٹ پر متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ اسی روز صبح 11 بج کر 15 منٹ پر بھارت کے خلاف میدان میں اترے گا۔31 اکتوبر کو گروپ مرحلے کے باقی میچز کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلہ بھی شروع ہوگا۔ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیمیں کپ، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں پلیٹ، جبکہ تیسرے نمبر کی ٹیمیں باؤل سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ہانگ کانگ سکسز کا کپ فائنل یکم نومبر کو دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر کھیلا جائے گا۔