موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تنزلی ، شہری آبادی میں اضافے سے خطرات بڑھ رہے :یوم استقامت پرپیغام
اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تنزلی اور تیزی سے بڑھتی شہری آبادی کے باعث قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے، اس لیے آفات سے نمٹنے کی قومی استعداد میں اضافہ پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام اداروں، کمیونٹیز اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ قومی استقامت کو مشترکہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں۔قومی یومِ استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زلزلہ متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کا ساتھ دینے والے تمام افراد اور اداروں کو بھی سلام پیش کیا۔صدر آصف علی زرداری نے قدرتی آفت کے بعد پاکستان کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔