جاپان: قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے خصوصی وینڈنگ مشینز نصب

ٹوکیو(آئی این پی )جاپان کے  مغربی ساحلی شہر آکو  میں قدرتی آفات   سے نمٹنے کیلئے خصوصی وینڈنگ مشینز نصب کی گئی ہیں۔ یہ مشینیں عام دنوں میں خریداری کے لیے استعمال ہوتی ہیں، لیکن زلزلہ کی شدت اگر جاپان کے سیزمک اسکیل پر 5 یا اس سے زیادہ ہو تو یہ خودکار طریقے سے کھل جاتی ہیں اور متاثرہ افراد کے لئے  بالکل مفت اشیا فراہم کرتی ہیں۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق  ان مشینوں میں تقریبا 300 بوتلیں اور ڈبوں میں مشروبات کے ساتھ ساتھ 150 ایمرجنسی آئٹمز رکھے جاتے ہیں، جن میں تیار شدہ کھانے، ماسک، غذائی سپلیمنٹس اور حتی کہ پورٹیبل ٹوائلٹس تک شامل ہیں۔ یہ مشینیں زیادہ تر ان عمارتوں کے قریب لگائی گئی ہیں جنہیں محفوظ پناہ گاہ قرار دیا گیا ہے۔ اس منفرد منصوبے کو ٹوکیو کی فارماسیوٹیکل کمپنی ارتھ کارپ اور مقامی حکومت نے مل کر شروع کیا ہے۔ جاپان میں وینڈنگ مشینز صرف ایمرجنسی تک محدود نہیں۔ عام دنوں میں یہ مشینیں لوگوں کی روزمرہ ضروریات اور ان کے شوق پورے کرنے کے لیے بھی بے شمار اشیا پیش کرتی ہیں۔ بعض مشینوں میں کافی، چائے، سوپ اور گرم مشروبات دستیاب ہیں۔جدید مشینیں گرم کھانے جیسے سویا  نوڈلز، فرائیڈ رائس اور کری بھی فراہم کرتی ہیں۔