اسلام آباد ( آن لائن) خلائی ٹیکنالوجی اور جغرافیائی معلومات کے مؤثر استعمال کے ذریعے قدرتی آفات کے خطرات کم کرنے، بروقت پیشگی اطلاع کے نظام کو بہتر بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پانچ روزہ بین الاقوامی کانفرنس 27 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ سپارکو اقوام متحدہ کے اشتراک سے 27 سے 31 اکتوبر تک سرینا ہوٹل اسلام آباد میں کانفرنس کی میزبانی کرے گا، جس میں 200 سے 250 قومی و بین الاقوامی مندوبین کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ان میں 60 سے 70 بین الاقوامی مندوبین شامل ہوں گے۔سپارکو کے مطابق کانفرنس میں ماہرین، پالیسی ساز، محققین اور متعلقہ اداروں کے نمائندے قدرتی آفات کے خطرات کی بروقت نشاندہی، ان کے اثرات کا جائزہ لینے اور آفات سے قبل مؤثر اقدامات کے لیے جدید خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کریں گے۔