دو پارکوں میں پیڈل کورٹ بنانے کا منصوبہ تیار

منصوبہ لاہور کے شہریوں کے لیے ایک نیا کھیلوں کا تجربہ لے کر آئے گا
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر کے پارکس کو فعال اور پْررونق بنانے کے لیے ایک نیا اور منفرد قدم اٹھا لیا ہے۔ادارے نے فیصلہ کیا ہے کہ پارکس کی بحالی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے جدید پیڈل کورٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر شہر کے دو پارکوں میں پیڈل کورٹ بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ان میں پہلا پارک جوہر ٹاو ن ایکسپو سنٹر کے قریب واقع ہے، جہاں منصوبے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے،جبکہ دوسرا پارک گارڈن ٹاو ن میں کلمہ چوک انڈر پاس سے پہلے واقع ہے، جہاں پیڈل کورٹ کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ پارکس میں پہلے سے زیرِ تعمیر واٹر ٹینکس کی تکمیل کے بعد پیڈل کورٹ قائم کیے جائیں گیاور ان ٹینکس کی تکمیل کے ساتھ ہی پارکس کی بحالی اور تزئین و آرائش کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ شہریوں کے لیے نہ صرف کھیلوں کی سہولت فراہم کرے گا بلکہ انہیں محفوظ، صاف اور معیاری تفریحی ماحول بھی میسر آئے گا۔