گھروں میں ایل این جی کنکشنز کی منظوری،ہیلپ لائن قائم

پہلے سے رقم جمع کرانے والے صارفین کو ترجیح ،ارجنٹ فیس پرجلد کنکشن لگیگا
 درخواستوں پر فوری کارروائی کیلئے خصوصی مانیٹرنگ یونٹ قائم :ایم ڈی عامرطفیل
لاہور(خصوصی رپورٹ )سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کر دی ۔ مینیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل عامر طفیل نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایل این جی کنکشنز کی منظوری دے دی گئی ہے اور ایس این جی پی ایل کے ہیڈ آفس میں ایک خصوصی مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ ریجنل سطح پر بھی مانیٹرنگ یونٹس تشکیل دے دئیے گئے ہیں تاکہ صارفین کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ اس مقصد کیلئے کمپنی نے ایک ہیلپ لائن نمبر 0800 بھی مختص کر دیا ہے۔ایم ڈی عامر طفیل کے مطابق دو لاکھ 45 ہزار صارفین کے ڈیمانڈ نوٹس پہلے ہی جمع تھے، ان تمام افراد کو خطوط جاری کر دئیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے کنکشنز کی تنصیب مکمل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح ان صارفین کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے سے رقم جمع کرائی تھی تاہم خواہش مند صارفین ارجنٹ فیس جمع کرا کر جلدی کنکشن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔عامر طفیل نے بتایا کہ اس سال تین لاکھ نئے کنکشنز دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اگلے سال سے ہر سال چھ لاکھ نئے کنکشنز فراہم کئے جائیں گے۔