جوابات کی تیاری کے لئے وقت درکار ، وکلا ، مہلت دینے کی استدعا مسترد
عمران خان ، بشریٰ عدالت پیش ، وکلا اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی موجود تھیں
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)سنٹرل جیل اڈیالہ میں جاری توشہ خانہ ٹو کی سماعت کے آخری مرحلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 342 کے تحت سوالات کے جواب عدالت میں داخل نہ کروائے جا سکے۔ ملزموں کے وکلاء کی جانب سیسماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔عدالت نے ملزموں کو آج 342کے سوالات کے جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔توشہ خانہ ٹو کی اڈیالہ جیل میں ہونیوالی سماعت سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت پیش کیا گیا بانی کی بہنیں ،سینیٹرعلی ظفر،سینیٹر مشال یوسفزئی،سلمان اکرم راجہ بیرسٹر سیف،بشریٰ بی بی کی بھابھی بھی عدالت موجود تھیں۔وکلاء کی جانب سے بتایا گیا کہ 342 کے تحت جو سوالات دیئے گئے تھے ان کے جوابات کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے سوموار تک مہلت دی جائے تاہم عدالت نے وکلاء کی استدعا منظور کرنے کی بجائے انھیں ہدایت کی ہے کہ آج جوابات داخل کروائیں عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی۔بانی پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں بعدازگرفتاری درخواست ضمانتوں پر سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ سٹی ،نیوٹائون ، سول لائنز،نصیر آباد ، ٹیکسلا ، وارث خان میں مقدمات میں دائر درخواست ضمانتوں پر سماعت کی دوران سماعت وکلاء صفائی نے درخواست ضمانت پر دلائل کے لیے مہلت طلب کرتے ہوئے استدعا کی درخواست ضمانتوں پر بحث کے لیے تیاری کرنی ہے عدالت نے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔