عالمی برادری غزہ میں جنگ فوری بند کروائے:او آئی سی

مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل صرف دو ریاستی حل میں مضمر ، اسلامی ممالک اسرائیلی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں،اعلامیہ 
دوحہ(آئی این پی )اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کروائی جائے۔جدہ میں غزہ سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کے جاری اعلامیہ میںغزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کرے، غزہ میں امدادی سامان کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، غزہ میں اسرائیلی محاصرہ فوری طور پر ختم کروایا جائے۔اسلامی تعاون تنظیم نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، یہ جنگی جرم ہے، عالمی عدالت اسرائیل کے جنگی جرائم کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائے، اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔او آئی سی اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل صرف دو ریاستی حل میں مضمر ہے، اسلامی ممالک اسرائیلی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں۔