اچکزئی اور راجہ ناصر کو اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے دستخطی عمل مکمل

 دونوں کی درخواستیں آج سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کو پیش کی جائیں گی 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )قومی اسمبلی میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لیے بڑی اپوزیشن جماعت نے ارکان سے درخواستوں پر دستخط کا عمل مکمل کر لیا ۔ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بالترتیب قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کی تقرری کے لیے درخواستیں تیار کر لی گئی ہیں جن پر تمام اپوزیشن ارکان نے دستخط کر دئیے ہیں۔ یہ درخواستیں آج (جمعرات) اپنے اپنے سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق درخواستیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو پیش کی جائیں گی۔ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے بتایا گیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز کی تقرری کے بعد مشترکہ حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں عمر ایوب خان اور سینیٹ میں شبلی فراز کی نااہلی کے باعث اپوزیشن لیڈرز کے عہدے خالی ہو گئے تھے۔