پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین، علامہ طاہر اشرفی نے افغانستان میں ایک ہزار علماء کی جانب سے افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کے اعلامیے کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان شہریوں کے عسکری سرگرمیوں کے لیے ملک سے باہر نہ جانے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہیں اور اس اعلامیے کے عملی نفاذ کا مطالبہ کیا ہے تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ یہ ایک درست اور مثبت قدم ہے، مگر اس پر عملدرآمد افغانستان کی عبوری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان سے افغانستان میں کبھی کسی قسم کی دہشت گردی نہیں ہوئی، البتہ افغانستان سے پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کا پیغام امن و سلامتی دونوں ممالک پر لاگو ہوتا ہے، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ یہ خطہ امن و امان نصیب کرے۔