ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سابق UFC فائٹر سُمان مختاریان کو ریورسٹون کے علاقے میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ شام کے وقت چہل قدمی کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق، حملہ آوروں نے بے خوفی سے براہِ راست فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں مختاریان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔واقعے کے بعد دو گاڑیاں مختلف مقامات پر جلتی ہوئی پائی گئیں، جو منظم جرائم کی کارروائیوں میں عام طور پر استعمال ہونے والا طریقہ ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ جیسن جائس نے اس قتل کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہ افسوسناک ہے کہ ایسے واقعات ہمارے معاشرے میں ہو رہے ہیں، لوگ اپنے رہائشی علاقوں میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں مگر یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ یہ ایک منصوبہ بند حملہ تھا۔"مقامی میڈیا کے مطابق، مختاریان فروری 2024 میں بھی ایک فائرنگ حملے سے بال بال بچے تھے۔
وہ 2018 اور 2019 میں UFC میں دو مقابلے لڑ چکے تھے، تاہم دونوں میں شکست کے بعد انہوں نے کوچنگ کا آغاز کیا اور آسٹریلوی MMA ٹیلنٹس کو تربیت دینا شروع کی۔عینی شاہدین کے مطابق، فائرنگ کی آواز کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک رہائشی نے بتایا کہ "ہم واک پر تھے جب اچانک گولیوں کی آواز سنائی دی اور دھواں اٹھتا دیکھا۔"پولیس اس واقعے اور ایک روز قبل گرفتار کی گئی "قتل ٹیم" کے درمیان ممکنہ تعلق کی تحقیقات کر رہی ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ، با لکلوا ماسک، باڈی کیمرے اور جیری کینز برآمد ہوئے تھے۔