ایکواڈور میں بڑھتے ہوئے پُرتشدد واقعات کے دوران سابق قومی فٹبالر اور بارسلونا ڈی گویاکیل کے معروف ڈیفینڈر ماریو پینیڈا ایک حملے میں جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق 33 سالہ پینیڈا کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ ایکواڈور پولیس کے مطابق اس واقعے میں ایک اور شخص بھی ہلاک جبکہ ایک تیسرا زخمی ہوا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے ماریو پینیڈا کی ہلاکت کی تصدیق کی، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔بارسلونا ڈی گویاکیل کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ پینیڈا کی موت پر کھلاڑیوں اور مداحوں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گویاکیل کے شمالی علاقے سمانیس میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکلوں پر سوار دو حملہ آوروں نے پینیڈا، ان کی والدہ اور ایک خاتون پر فائرنگ کی۔ فٹبالر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ماریو پینیڈا نے ایکواڈور کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے آٹھ بین الاقوامی میچ کھیلے، جن میں 2018 اور 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلے شامل تھے۔ ان کی قومی ٹیم کے لیے آخری پیشی 2021 کے کوپا امریکا میں ہوئی تھی۔پینیڈا نے اپنے پیشہ ورانہ فٹبال کیریئر کا آغاز 2010 میں Independiente del Valle سے کیا، جہاں وہ 2015 تک کھیلتے رہے۔ 2016 میں وہ بارسلونا ڈی گویاکیل میں شامل ہوئے اور کلب کے ساتھ دو لیگ ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔