بلوچستان کی بیٹی سونیا مصطفیٰ پاکستان کی پہلی خاتون فیفا فٹبال ریفری بن گئیں

بلوچستان کی بیٹی سونیا مصطفیٰ پاکستان کی پہلی خاتون فیفا فٹبال ریفری بن گئیں

ویب ڈیسک: بلوچستان سے تعلق رکھنے والی باہمت خاتون سونیا مصطفیٰ نے تاریخ رقم کر دی ، وہ پاکستان کی پہلی خاتون فیفا فٹبال ریفری بن گئی ہیں، اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے نہ صرف اپنے صوبے بلکہ پورے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

کوئٹہ کی رہائشی سونیا مصطفیٰ نے تقریباً 25 سال قبل فٹبال پلیئر کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ کھیل کے میدانوں اور سہولیات کی کمی کے باوجود انہوں نے کبھی اپنے شوق اور جذبے کو ترک نہیں کیا۔مسلسل محنت اور عزم کے ساتھ انہوں نے ریفری کورس مکمل کیا اور لاہور میں فیفا کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ کامیابی سے پاس کر کے بلوچستان کی پہلی فیفا ریفری بن گئیں۔

آج سونیا مصطفیٰ نیشنل لیول پر بوائز اور گرلز میچز میں بطور ریفری خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کھلاڑیوں کے حالات پہلے کے مقابلے میں بہتر ضرور ہوئے ہیں، لیکن بنیادی سہولیات کی کمی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔