ویب ڈیسک: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے زیرِ ملکیت امریکا میں واقع روزویلٹ ہوٹل کے مستقبل سے متعلق حکومت نے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک تجویز یہ دی گئی ہے کہ روزویلٹ ہوٹل کو مسمار کر کے وہاں ایک بڑا کمرشل پلازہ تعمیر کیا جائے، جبکہ دوسرا آپشن یہ ہے کہ ہوٹل کو برقرار رکھتے ہوئے اسے تجارتی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے۔مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت اس منصوبے کے لیے کسی بین الاقوامی فرم کے ساتھ جوائنٹ وینچر معاہدہ کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، تاہم اب تک فنانشل ایڈوائزر کی تقرری نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق ایک امریکی فرم پہلے ہی اس منصوبے کے لیے فنانشل ایڈوائزری خدمات سے دستبردار ہو چکی ہے، جس کے بعد حکومت نے گزشتہ ماہ نئے فنانشل ایڈوائزر کے لیے ٹینڈر جاری کیا۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر قرض معاہدے کی شرائط میں پبلک سیکٹر اداروں کی تنظیم نو اور نجکاری بھی شامل ہے، جس کے تحت روزویلٹ ہوٹل کا معاملہ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔