گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے خواجہ سرا برادری کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا
تعلیم، روزگار سہولیات تک برابر رسائی حکومت کی زمہ داری ہے: سردار سلیم حیدر
لاہور(آئی این پی )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا برادری کے لیے ہیلتھ کارڈ اسکیم کا اجرا کر دیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے گورنر ہائوس میں منعقدہ ایک تقریب میں خواجہ سرا برادری کیلئے خصوصی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں خواجہ سرا افراد شریک ہوئے جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے انہیں کارڈز اپنے ہاتھوں سے فراہم کیے۔اس موقع پر سردار سلیم حیدر نے خطاب میں کہا کہ خواجہ سرا برادری کو تعلیم، روزگاری اور صحت کی سہولیات تک برابر رسائی دینا حکومت کی زمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارڈ محض علاج کی سہولت نہیں بلکہ برابری، احترام اور شمولیت کی علامت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کوئی شہری خواہ وہ کسی بھی شناخت سے تعلق رکھتا ہو، صحت کے حق سے محروم نہ رہے۔تقریب میں شریک خواجہ سرا نمائندوں نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ گورنر ہائوس کے دروازے ان کیلئے کھلے اور انکی فلاح کے لیے قدم اٹھایا گیا۔