چیئرپرسن مسابقتی کمیشن کو دوبارہ سماعت کا اختیار دینے کا فیصلہ کالعدم

سپریم کورٹ نے کیس کو دوبارہ  کمپٹیشن اپیلٹ ٹریبیو نل کو بھیج دیا‘شوگر ملوں کو بڑا ریلیف مل گیا
اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے ٹریبونل کا چیئرپرسن مسابقتی کمیشن آف پاکستان  کو دوبارہ سماعت کا اختیار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔جس سے چینی کی مسابقتی قیمتوں کے معاملے میں شوگر ملز کو سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا ہے۔سپریم کورٹ نے کیس کو دوبارہ  کمپٹیشن اپیلٹ ٹریبیو نل کو بھیج دیا، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس عامر فاروق نے شوگر ملز کی ٹریبیونل کیخلاف اپیل پر سماعت کی تھی۔جسٹس شکیل احمد نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا، عدالت نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 10-A منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے، چیئرپرسن کا کاسٹنگ ووٹ غیر جانبداری کے اصولوں کے خلاف ہے، چیئرپرسن اگر پہلے ہی ایک رائے دے چکا ہو تو فیصلہ کن ووٹ کا استعمال منصفانہ کارروائی کے برعکس ہے۔عدالت  نے کہا کہ کاسٹنگ ووٹ (فیصلہ کن ووٹ) کا اختیار انتظامی فیصلوں تک محدود ہے، عدالتی کارروائیوں میں اس کا اطلاق نہیں کیا جا سکتا، انصاف صرف ہونا نہیں چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔