بھارتی حمایت یافتہ گروہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی شدید فائرنگ ‘ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت اور 9 جوان شہید ہو گئے
شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر ‘ لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل
پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں:شہبازشریف‘قوم ہمیشہ جوانوں کی قربانیوں کی مقروض رہے گی: محسن نقوی
راولپنڈی(آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 جوان بھی وطن پر قربان ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق یہ گروہ بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت سمیت 9 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، شہید ہونے والے دیگر 9 جوانوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر شامل ہیں، اس کے علاوہ لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ ۔وزیراعظم نے سکیورٹی آپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے جرات مند سپاہیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجر طیب اور 9 جوانوں نے قیمتی جانیں نچھاور کر کے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ ان قربانیوں کی مقروض رہے گی