ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 24 اکتوبر 2026 کو علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہید نائیک غلام مرتضیٰ کی عمر 36 سال اور تعلق ضلع گجرات سے تھا، جبکہ 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔