سیکیورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا، جس کے دوران فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا
آئی ای ڈی کے دھماکے میں میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا، عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے ہے‘صدر‘ وزیراعظم ‘ وزیر داخلہ کا خراج عقیدت
راولپنڈی (آئی این پی)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا جس میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی کے دھماکے میں میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا، جن کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔۔صدر آصف زرداری نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ آصف زرداری نے وطن کے دفاع کیلئے میجر وجاہت وحید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا‘ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے پسنی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے ملکی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو بہادر سپوت پر فخر ہے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی قلات اور پسنی میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جامِ شہادت نوش کرنے پر میجر وجاہت وحید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا