لاہور: لیاقت آباد پولیس نے کم عمری کی شادی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 13 سالہ بچی کی رخصتی کی تقریب رکوا دی اور دولہا سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق 15 پر موصول ہونے والی اطلاع پر لیاقت آباد پولیس نے مدینہ شادی ہال، کشمیری محلہ میں فوری کارروائی کی، جہاں 13 سالہ بچی کی رخصتی کی تقریب جاری تھی۔ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تقریب رکوا دی اور وہاں موجود افراد کو حراست میں لے لیا۔
دولہا اور بچی کا والد بھی گرفتار
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں دولہا سبط الحسن اور بچی کا والد سبطین بھی شامل ہیں، جبکہ تقریب میں شریک مزید 4 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ بچی کا نکاح 4 اکتوبر کو پڑھایا گیا تھا، جبکہ 8 نومبر کو اس کی رخصتی کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی۔ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف تھانہ لیاقت آباد میں مقدمہ نمبر 2533/26 درج کرلیا ہے۔
کم عمری کی شادی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، ڈی آئی جی آپریشنز
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کم عمری کی شادی قانوناً جرم ہے اور بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ کم عمر بچوں کی شادی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ بچوں کے حقوق کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔