چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے باعث کئی پیچیدگیاں پیدا ہوگئی ہیں، جس سے نہ صرف سیاسی شخصیات بلکہ عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر پی ٹی آئی کے مقدمات ڈی لسٹ کر دیے ہیں، حالانکہ عدالت کو انتظامی سطح پر مقدمات ڈی لسٹ کرنے کے بجائے ان کی سماعت کرکے صورت حال واضح کرنی چاہیے تھی۔
پانچ نومبر کے فیصلے کے اطلاق کا تعین ضروری تھا، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ کو مقدمات کی سماعت کرکے یہ طے کرنا چاہیے تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے فیصلے کا اطلاق کس حد تک ہوتا ہے۔ان کے مطابق نئے عدالتی فیصلے کے نتیجے میں قانونی اور انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں، جن کے اثرات عام لوگوں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی حکم امتناع واپس لینے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرے گی تاکہ مقدمات کی سماعت سے متعلق پیدا ہونے والی صورت حال کو واضح کیا جا سکے۔
وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو کیا حکم دیا تھا؟
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو اپنے فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا تھا۔