چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی گرفتاری ممکن نہیں، اور ایسا کوئی اقدام نہیں ہونے جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹیرینز پرامن طور پر لاہور جا رہے ہیں، جہاں وہ اپنے ساتھیوں سے اظہارِ یکجہتی کریں گے۔اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لاہور جانے والے تمام افراد پارلیمنٹیرینز ہیں، اور ان کا پنجاب کی قیادت سے مکمل رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی جو ہمارے ساتھ ہیں، وہ منتخب نمائندے ہیں، اور یہ مکمل آئینی اور جمہوری معاملہ ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس اقدام کو "جمہوری نمائندوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی" قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا:"یہ قافلہ غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف پرامن ردعمل ہے، ہم امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔"
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ کسی قسم کا احتجاج نہیں بلکہ خالصتاً اظہارِ یکجہتی ہے اور اس کا مقصد جمہوری اقدار کا تحفظ اور غیر جمہوری اقدامات کے خلاف مؤقف واضح کرنا ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی ارکان پنجاب اسمبلی سے اپنی معطلی اور ریفرنسز کے خلاف شدید موقف اختیار کیے ہوئے ہیں، اور یہ اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ موجودہ سیاسی تناؤ کے ماحول میں پی ٹی آئی کا یہ اقدام ایک اہم سیاسی پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔