یمنی فوج کا 267 حوثیوں کو ہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ

یمنی فوج کا 267 حوثیوں کو ہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ

صنعاء: یمن کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی فورسز کے خلاف 992 فوجی کارروائیوں کے دوران تقریباً 267 جنگجو اور کمانڈر ہلاک، زخمی یا میدان جنگ سے فرار ہوگئے، جبکہ جھڑپوں اور کارروائیوں میں یمنی فوج کے 9 اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

یمنی فوج کے فوجی ترجمان ماجد النزیلی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ حوثی فورسز کے خلاف مختلف محاذوں پر فضائی، ڈرون، توپ خانے اور راکٹ حملے کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران حوثیوں کی 97 فوجی گاڑیوں اور ہتھیاروں کو بھی تباہ یا نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

19 فضائی اور 29 ڈرون حملے کیے گئے
فوجی ترجمان کے مطابق حوثی ٹھکانوں، کمک اور فوجی سازوسامان کو نشانہ بنانے کے لیے مجموعی طور پر 992 کارروائیاں کی گئیں، جن میں 19 فضائی حملے، 29 ڈرون حملے اور توپ خانے و راکٹوں کے 944 حملے شامل تھے۔ماجد النزیلی کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں حوثی فورسز کو جانی اور فوجی سازوسامان کے حوالے سے نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم انہوں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی الگ الگ تعداد کی وضاحت نہیں کی۔

الجوف، ماریب اور تعز میں لڑائی جاری
یمنی فوج کے ترجمان نے الجوف صوبے کے علاوہ جنوبی اور جنوب مغربی محاذوں پر پیش قدمی کا بھی دعویٰ کیا، تاہم ان مقامات کی نشاندہی نہیں کی جہاں فوج نے نئی پوزیشنیں حاصل کیں۔ان کے مطابق ماریب اور تعز کے علاقوں میں حوثی فورسز کے ساتھ لڑائی بدستور جاری ہے اور مختلف محاذوں پر فوجی سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔

حوثیوں کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہ آیا
یمنی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ان اعداد و شمار اور کارروائیوں کے دعوؤں پر حوثی گروپ کی طرف سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔