لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 267 ریکارڈ

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 267 ریکارڈ

لاہور: فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے باعث لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 267 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سی ای آر پی آفس میں ایئر کوالٹی انڈیکس 396 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 340 تک پہنچ گیا۔ برکی روڈ اور پیراگون کے علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح 330 ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق اے آر ایم میں ایئر کوالٹی انڈیکس 308، ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں 270 اور بیدیاں روڈ پر 263 ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح اے آر سی میں اے کیو آئی 244 جبکہ ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 242 رہا۔دوسری جانب عسکری ٹین میں فضائی آلودگی کی شرح 186 اور برکی روڈ کے ایک دوسرے مقام پر 166 ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی بلند سطح انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ آلودہ فضا میں زیادہ دیر تک رہنے سے آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش اور سانس لینے میں دشواری سمیت مختلف مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ دمہ اور سانس کے دیگر امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔