کار سوار 28 سالہ شہباز اور 30 سالہ شکیل موقع پر چل بسے، کاشف زخمی
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ) بنگلہ گوگیرہ کی نواحی آبادی ماہی والا کے قریب فیصل آباد روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کار سوار دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی اور کار میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار سوار 28 سالہ شہباز اور 30 سالہ شکیل موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 30 سالہ کاشف زخمی ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں اور مقامی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی میں پھنسی ایک لاش کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے باہر نکالا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو ضروری کارروائی کے بعد آر ایچ سی اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔