عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت اور ممکنہ امریکی حملوں کے امکانات کم ہونے سے متعلق بیان ہے۔

 مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کی امید نے عالمی سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی پیدا کی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر کو کاروبار کے آغاز پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 84 سینٹ یعنی 0.85 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 97.48 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 32 سینٹ یعنی 0.35 فیصد کمی کے بعد 90.51 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی گزشتہ جمعے کے کاروباری اختتام پر ہونے والے معمولی اضافے کے برعکس ہے۔ گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو کورونا وبا کے ابتدائی دنوں کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ قرار دی گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ نئے فوجی حملوں کا امکان انتہائی کم ہے، تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ آیا دونوں ممالک کے درمیان کوئی مضبوط اور قابل قبول معاہدہ طے پاتا ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ حملوں کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب تک کسی بڑے امریکی فوجی آپریشن کے واضح آثار سامنے نہیں آئے۔ دوسری جانب ایران نے بھی امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کے جواب میں مزید کارروائی کی دھمکی دے رکھی ہے۔کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات پہلے کے مقابلے میں زیادہ محتاط دکھائی دیتے ہیں، جس سے عالمی تیل مارکیٹ کو کچھ ریلیف ملا ہے۔ تاہم سرمایہ کار اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران سے متعلق ٹرمپ کی پالیسی میں مستقل تبدیلی آئی ہے یا یہ محض عارضی حکمت عملی ہے۔

عراق اور امریکا کے درمیان تیل کی برآمدات سے متعلق مفاہمت

دوسری جانب عراق نے آبنائے ہرمز کے ذریعے عمان کے قریب ایک بحری راستے سے تیل کی برآمدات جاری رکھنے کے لیے امریکا کے ساتھ مفاہمت کرلی ہے۔عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ اور تیل کی برآمدات میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث عراق کو تقریباً 60 ارب ڈالر کا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔عراق کے لیے تیل کی برآمدات ملکی معیشت اور سرکاری آمدن کا بنیادی ذریعہ ہیں، اس لیے بحری راستوں کی بندش اور عدم تحفظ نے ملکی معیشت پر شدید دباؤ ڈالا ہے۔ امریکا کے ساتھ ہونے والی مفاہمت کو تیل کی ترسیل برقرار رکھنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

ریاض میں سعودی آرامکو کے دفاتر پر حملہ

ادھر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے ایک اور واقعے میں یمن کے حوثیوں نے اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کے دفاتر پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔اطلاعات کے مطابق حملے کے نتیجے میں عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔