صدرڈونلڈٹرمپ کا ایران کیخلاف وکھرا محاذ کھولنے کا اعلان

صدرڈونلڈٹرمپ کا ایران کیخلاف وکھرا محاذ کھولنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ‘ فعال کرنے کا اعلان کر دیا، امریکی بحری ناکہ بندی کے بعد اب ایران کے زمینی راستوں اور بحیرہ کیسپین کے ذریعے سامان کی نقل و حرکت محدود کرنے کی کوششیں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف قائم نئی ٹاسک فورس مکمل طور پر فعال ہے۔ ان کے بقول بحری ناکہ بندی کے ساتھ زمینی راستوں پر بھی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، جس کے باعث ایران میں بہت کم سامان داخل ہو رہا ہے اور وہاں سے باہر جا رہا ہے۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ زمینی راستوں سے ایران میں سامان کی آمدورفت روکنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکمت عملی کا مقصد ایران کو معاشی دباؤ میں لانا اور اس کی فوجی ضروریات کے لیے سامان کی ترسیل محدود کرنا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق ٹاسک فورس آئرن گیٹ تقریباً 20 فوجی اور سویلین اہلکاروں پر مشتمل ہے، جس کا مرکز امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں ہوگا۔ یہ ٹیم امریکی حکومت کے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے جدید ہتھیاروں، دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی، پابندیوں کے شکار سامان اور غیر قانونی مالی وسائل کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کام کرے گی۔ 
امریکی حکام کے مطابق نئی ٹاسک فورس کا مقصد ایران کی فوجی صلاحیتوں کو دوبارہ مضبوط ہونے سے روکنا، ہتھیاروں کی تیاری کے لیے درکار سامان کی فراہمی محدود کرنا اور اس کی آمدنی کے ذرائع پر دباؤ بڑھانا ہے۔ سینٹ کام کا دعویٰ ہے کہ ایران کی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایرانی تیل کی 25 ارب ڈالر سے زائد کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔ دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکی اقدامات کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا مختلف ناموں اور منصوبوں کے ذریعے ایران کی معاشی ناکہ بندی اور اقتصادی تباہی کا ہدف حاصل نہیں کر سکے گا۔ ایرانی حکام نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی اور مواصلاتی رابطے محدود کرنے کی امریکی کوششوں کو بھی مسترد کیا ہے۔ 
ادھر ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطوں کی گنجائش برقرار ہے۔ صدر ٹرمپ نے 8 نومبر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت ہوتی ہے تو ان کے ایران پر نئے حملوں کا حکم دینے کا امکان بہت کم ہے، تاہم انہوں نے ایران کے اہم انفراسٹرکچر کو ممکنہ اہداف میں شامل ہونے کا بھی ذکر کیا۔