ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے عارضی طور پر دو ہفتوں کی جنگ بندی کو منظور کر لیا ہے اور تمام فوجی یونٹس کو حملے روکنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اقدامات اور درخواست پر آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹویٹ میں کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جنگ بندی کی کوششوں کی بھرپور تعریف کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران پر حملے بند کیے گئے تو ایرانی افواج بھی اپنی دفاعی کارروائیاں روک دیں گی اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکہ کے 15 نکات اور ایران کے 10 نکاتی مذاکرات کی بنیاد پر جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر ایران کے خلاف حملے کی ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کی تھی۔