لاہور: شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149 واں یوم ولادت آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور دیگر پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں علامہ اقبال کی قومی، ادبی اور فکری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے عظیم شاعر، فلسفی، مصنف، قانون دان اور سیاستدان تھے۔ انہیں تحریک پاکستان کی اہم شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، آزادی، اتحاد اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا، جبکہ ان کا فلسفہ آج بھی دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
علامہ اقبال کی زندگی اور علمی خدمات
ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سے حاصل کی، بعدازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے لاہور کا رخ کیا۔ مزید تعلیم کے حصول کے لیے 1905 میں برطانیہ گئے، جہاں انہوں نے وکالت کی تعلیم حاصل کی، جبکہ بعدازاں جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1910 میں وطن واپس آئے اور شاعری، فلسفے اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے مسلمانوں میں فکری شعور بیدار کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ ان کی شاعری نے مایوسی اور فکری انتشار کا شکار مسلمانوں کو خود اعتمادی، اتحاد اور عملی جدوجہد کا پیغام دیا۔
قیام پاکستان میں علامہ اقبال کا کردار
علامہ اقبال کا شمار تحریک پاکستان کے اہم مفکرین میں ہوتا ہے۔ سیاستدان کی حیثیت سے ان کا ایک اہم کارنامہ 1930 کا خطبہ الہ آباد ہے، جس میں انہوں نے برصغیر کے شمال مغربی مسلم اکثریتی علاقوں پر مشتمل ایک الگ مسلم ریاست کا تصور پیش کیا۔ان کے پیش کردہ تصور نے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کو ایک نئی فکری سمت دی، جو بعدازاں قیام پاکستان کی تحریک کے لیے اہم بنیاد ثابت ہوا۔
نوجوانوں کے لیے شاہین کا تصور
علامہ اقبال کو نوجوانوں سے خصوصی امیدیں وابستہ تھیں۔ ان کی شاعری میں نوجوانوں کو شاہین اور عقاب کی علامتوں کے ذریعے بلند پروازی، خودداری، جرات، محنت اور خود اعتمادی کا درس دیا گیا۔ان کا فلسفہ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں پہچاننے، مشکلات کا مقابلہ کرنے اور اپنی منزل کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اسی وجہ سے اقبال کی شاعری آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ سمجھی جاتی ہے۔
علامہ اقبال کے مشہور شعری مجموعے
علامہ اقبال کو دور جدید کا عظیم صوفی شاعر اور مفکر بھی سمجھا جاتا ہے۔ ان کی شاعری میں تصوف، خودی، عشق رسول ﷺ، احیائے امت مسلمہ اور انسانی عظمت جیسے موضوعات نمایاں ہیں۔ان کے مشہور شعری مجموعوں میں بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم، زبور عجم، جاوید نامہ اور پیام مشرق شامل ہیں۔ ان کی تخلیقات نے اردو اور فارسی ادب کو نئی فکری جہت عطا کی۔علامہ محمد اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ انہیں شاہی مسجد لاہور کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا، جہاں ان کا مزار آج بھی عقیدت مندوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
علامہ محمد اقبال کے 149 ویں یوم ولادت کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تھے۔ اس موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ مزار اقبال پر اپنے اعزازی فرائض سے سبکدوش ہوگیا۔گارڈز کی تبدیلی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی کے سویلین عملے کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔اس موقع پر مہمان خصوصی کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا۔