ڈاکو شاہدلُنڈ کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر، 28 سے زائد سنگین مقدمات میں بین الاضلاعی اشتہاری تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کی کچہ کے خطرناک جرائم پیشہ افراد کے خلاف اہم ترین کامیابی،رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کے مشترکہ کاروائی میں کچہ بنگلہ اچھا میں لنڈ گینگ کا سرغنہ ڈاکو شاہد لنڈ ہلاک ہو گیا۔ حکومت پنجاب نے ڈاکو شاہد لنڈ کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کچہ ایریا سے دہشت گردوں، ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کا خاتمہ مشن ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل اور ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب بین الاضلاعی اشتہاری تھا۔ہلاک ڈاکو کے خلاف رحیم یار خان اور ضلع راجن پور کے مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ رحیم یار خان اور راجن پور پولیس گزشتہ 2 ماہ سے اس آپریشن کی تکمیل لئے کام کر رہی تھی اور پولیس نے باقاعدہ منصوبہ بندی، موثر حکمت عملی کے تحت اپنا ٹارگٹ حاصل کیا۔