پی ٹی آئی کیلئے میں ایک ہی کافی ہوں، فیصل کریم کنڈی

پی ٹی آئی کیلئے میں ایک ہی کافی ہوں، فیصل کریم کنڈی

ویب ڈیسک:گورنر خیبرپختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست صرف جلسوں اور دھرنوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے اور صوبے میں تعلیم اور دیگر شعبوں پر اس کا کوئی دھیان نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں 12 کالجز بند ہوگئے ہیں اور یہ صورتحال پی ٹی آئی کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ گورنر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں تعلیمی اداروں کی ترقی کی بجائے سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے، جو صوبے کی ترقی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی کے اختیارات کی واپسی کے علاوہ بھی صوبے میں کئی مسائل موجود ہیں جو پی ٹی آئی کی حکومت کی توجہ کا منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ حکومت جلد ان مسائل کا حل تلاش کرے گی۔

گورنر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ تحریک انصاف کی موجودہ سیاست نے صوبے کے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت کو سیاسی مفاد کے بجائے عوامی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔یہ گفتگو اس وقت ہوئی جب فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تنقید کی اور یہ واضح کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔ اس سے قبل بھی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر اعتراضات کیے تھے اور کئی بار ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے تھے۔