کوئٹہ: سریاب کے علاقے کیچی بیگ کے کلی اللہ آباد میں ایک گھر کے اندر موٹرسائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب موٹرسائیکل میں مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد نصب کیا جا رہا تھا۔ایس ایچ او کیچی بیگ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ کلی اللہ آباد کے ایک گھر میں موجود موٹرسائیکل میں اچانک زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ گھر کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کیے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔ حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کے حوالے سے مزید معلومات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیے جانے کے دوران ہوا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل میں تقریباً ایک کلوگرام وزنی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے فوری بعد سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرلیا اور دھماکے کے محرکات سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا بھی فرانزک اور تکنیکی بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ دھماکا خیز مواد کہاں سے حاصل کیا گیا، اسے کس مقصد کے لیے موٹرسائیکل میں نصب کیا جا رہا تھا اور واقعے میں مزید کوئی افراد ملوث تھے یا نہیں۔ مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔