پولیس نے جلسے کیلئے آنے والے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی،کارکنوں کا پتھرائو
پی ٹی آئی کے جھنڈے لگی گاڑی نے پولیس اہلکاروں کو روند دیا‘2اہلکارو ں کی حالت تشویشناک
کوئٹہ (آئی این پی ) کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ہے، پولیس نے جلسے کے لیے آنے والے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی، پی ٹی آئی کے جھنڈے لگی گاڑی نے پولیس اہلکاروں کو روند دیا،واقعے میں ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار زخمی ہوگئے‘دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ پی ٹی آئی نے کوئٹہ کے ہاکی گرئوانڈ میں جلسے کااعلان کیا تھا تاہم ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی اجازت نہیں دی تھی، صبح سے ہی جلسہ گاہ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی۔ ہاکی گرائونڈ کو پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لے رکھا تھا ‘ پارٹی قیادت کی ہدایت پر پی ٹی آئی کارکن پولیس کا حصار توڑ کر ہاکی گرائونڈ کے قریب پہنچ گئے تاہم پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کومنشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھرا کردیا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے اور ایک گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔