لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، پنجاب یونیورسٹی کے لاء امتحانات ملتوی‘سڑکیں بند ہونے سے شہریو ں کو مشکلات
اورنج لائن ٹرین اور میٹر وبس سروس معطل ، بسوں کے اڈے بھی بند رہے ‘اسلام آباد میں سخت سکیورٹی‘ موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی
لاہور‘اسلام آباد(کرائم رپورٹر‘ایجنسیاں)مذہبی جماعت کے غزہ مارچ کے دوران پولیس اور کارکنوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ایدھی رضاکاروں نے ایمبولینسز کے ذریعے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا‘احتجاج کے باعث لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ، جس کے باعث شہر میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑالاہور میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اورنج لائن ٹرین اور میٹر بس سروس معطل کردی گئی ،شہر میں سٹی ٹرمینل اور رہبر ٹرمینل سمیت دیگر بس اڈے بند کردئیے گئے‘ پولیس کی بھاری نفری راوی پل، سگیاں، بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ‘ لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے بند کر دی گئی جبکہ اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ۔دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والے تمام راستے بھی سیل کر دئیے گئے ۔ اسی طرح اٹک میں موٹروے اور جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند کر دئیے گئے ۔پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر راستوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے، تاہم صورتحال کے مطابق سڑکیں مرحلہ وار کھولی جائیں گی۔ دریں اثناء لاہور میں تمام سرکاری و نجی سکولوں میں فوری طور پر چھٹی دے دی گئی جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام لا کے امتحانات ملتوی کر دئیے گئے۔ اسلام آباد میں مذہبی تنظیم کے احتجاج کے اعلان کے پیشِ نظر سیکیورٹی انتظامات سخت کردئیے گئے، موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی جبکہ دفعہ 144 بھی نافذ کی گئی ہے۔