صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، معیشت، ثقافت اور علاقائی روابط کے فروغ کے بے پناہ امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔صدر زرداری نے مزید کہا کہ:"خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے لیے پاکستان اور چین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ چین نے ہر نازک وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، جس پر پوری قوم اپنے آہنی بھائی کی ممنون ہے۔"انہوں نے چین کے سی پیک منصوبے اور دیگر اقتصادی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ادا کیے گئے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔
چینی صدر کی جانب سے سالگرہ کی مبارکباد
اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے صدرِ پاکستان کو صدر شی جن پنگ کی جانب سے ان کی آنے والی سالگرہ پر دلی نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا، جس پر صدر زرداری نے چین کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔