شہر کے اہم مقامات پرفرضی مشقوں کا انعقاد

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔پولیس اپنی فوج کیساتھ شانہ بشانہ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔حکومت اور آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں فرضی مشقیں جاری ہیں۔ فرضی مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی مذموم چال کو ناکام بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر بھر میں فرضی مشقوں کے احکامات دیتے ہوئے کیاڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کے حکم پر شہر کے اہم مقامات پرفرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ فرضی مشقیں پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ، قذافی اسٹیڈیم، سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈسمیت دیگر مقامات پر کی گئیں۔ ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت پولیس کے تمام یونٹس نے مشقوں میں شرکت کی۔ ہنگامی مشقوں میں متعلقہ ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ، پٹرولنگ و ٹریفک پولیس کے جوان بھی موجود تھے۔ فرضی مشقوں کے دوران دہشت گردی کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ موک ایکسرسائز کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور افراد کو بحفاظت نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ہنگامی مشقوں سے پولیس ریسپانس اور دیگر اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس ودیگر محکموں کی مشترکہ فرضی مشقیں جاری رہیں گی۔