اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت واقعی قومی یکجہتی چاہتی ہے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کرے اور ان پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کرے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان پر کوئی مسئلہ آتا ہے تو پوری قوم اکٹھی ہو جاتی ہے اور سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ایک ذمہ دار جماعت کے طور پر کردار ادا کیا، اور حالیہ قرارداد میں بھی قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے تعاون کیا۔انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومت کا رویہ منافقانہ ہے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ ظلم و زیادتی جاری ہے، ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، اور اڈیالہ جیل میں قید رہنماؤں کے ساتھ ناروا سلوک ہو رہا ہے۔اسد قیصر نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو بھی عدالت کے حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ بھارت کے حملے کے دن ہی ملٹری کورٹ سے سویلین ٹرائل کا فیصلہ سامنے آیا جو انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت جنگی صورتحال سے دوچار ہے، لیکن حکومت اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن میں مصروف ہے، اور قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے متنبہ کیا کہ اگر عمران خان کو جیل میں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، اور یہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی انتقام چھوڑ کر قومی اتفاق رائے کے لیے ماحول قائم کرے۔