پنجاب میں تعلیمی ادارے آج اور کل بند رہیں گے

انٹرمیڈیٹ امتحانات بھی 2 روز کیلئے ملتوی، دونوں دن پریکٹیکل بھی نہیں ہوں گے
    لاہور (یواین پی) پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کے باعث پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک بھارت جنگی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے اتوار 11 مئی تک بند کردیئے گئے ہیں، اس حوالے سے وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے 2 دن کے لیے بند رہیں گے، موجودہ حالات کے پیش نظر تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چھٹیوں کے احکامات تمام سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات بھی 2 روز کیلئے ملتوی کیے جاچکے ہیں، جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والے پریکٹیکل بھی ملتوی کر دئیے گئے، جمعہ 9 اور ہفتہ 10 مئی کو ہونے والے امتحانات اور پریکٹیکل کا نیا شیڈول جلد جاری ہوگا، تاہم او لیول، اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جب کہ 12 مئی پروز پیر سے صوبے میں تدریسی عمل کا دوبارہ معمول کے مطابق آغاز ہوگا۔