لاہور‘ملتان میں تعلیمی ادارے بند‘باقی اضلاع میں آج کھلیں گے

سکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھیلیں گے،طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے
شمالی علاقوں  سے تیز اور سرد ہوائوں نے  گرد آلود فضا کو صاف کردیا ‘آلودگی میں لاہور کا دوسرا نمبر

 لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب کے مختلف اضلاع میں سموگ کی صورتحال میں بہتری آنے پر پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان کے علاوہ باقی تمام اضلاع میں آج سے سکول کھولنے کا اعلان کر دیا، سکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھیلیں گے،ماحولیاتی تحفظ کے ادارے(ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی جانب سے باقاعدہ،نوٹیفکیشن کے مطابق طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے تاہم آوٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات ہونگے تاکہ ٹریفک کا اژدہام نہ ہو لیکن سکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھیلیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش برسنے سے پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضا کا معیار بہتر ہوا ہے۔سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی۔دریں اثناء پنجاب میں اسموگ کی صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں  دوسرے نمبر پر آگیا جبکہ نئی دہلی کا پہلانمبر  رہا ، شمالی علاقوں سے آنے والی تیز اور سرد ہوائوں نے پنجاب کی گرد آلود فضا کو صاف کردیا۔