امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پہلی بار عوامی سطح پر ایک ساتھ ریڈ کارپٹ پر شرکت کر کے اپنے مبینہ تعلق سے متعلق افواہوں کو مزید تقویت دے دی ہے، جس کے بعد عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔
یہ واقعہ 8 جون کو نیویارک میں ہونے والے ٹریبیکا فیسٹیول میں پیش آیا، جہاں کیٹی پیری اپنی نئی دستاویزی فلم کے پریمیئر کے لیے موجود تھیں۔ ریڈ کارپٹ پر دونوں کو ایک ساتھ، خوشگوار موڈ میں اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے دیکھا گیا، جس نے فوٹوگرافروں اور میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کر لی۔تقریب کے دوران کیٹی پیری مداحوں سے ملاقات، آٹوگراف دینے اور سیلفیاں بنانے میں مصروف رہیں، جبکہ جسٹن ٹروڈو مسلسل ان کے ہمراہ موجود رہے۔ اس مشترکہ موجودگی نے ایونٹ کے دیگر پہلوؤں کو پیچھے چھوڑ دیا اور سب سے زیادہ گفتگو اسی جوڑی کے حوالے سے ہونے لگی۔رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان تعلق کی افواہیں 2025 میں اس وقت شروع ہوئیں جب انہیں مختلف مواقع پر، خصوصاً مونٹریال اور دیگر مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کچھ ویڈیوز اور تصاویر نے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی، جن میں ٹروڈو کو کیٹی پیری کے کنسرٹس میں بھی موجود دیکھا گیا۔تاہم اب تک نہ تو کیٹی پیری اور نہ ہی جسٹن ٹروڈو کی جانب سے ان مبینہ تعلقات کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے آئی ہے۔ اس کے باوجود ریڈ کارپٹ پر ان کی مشترکہ موجودگی کو عالمی میڈیا میں ایک اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان قربت محض افواہوں تک محدود نہیں رہی۔