فلم ’پیڈی‘ کے مناظر پر تنازع، جھانوی کپور سے منسوب مبینہ چیٹ وائرل

فلم ’پیڈی‘ کے مناظر پر تنازع، جھانوی کپور سے منسوب مبینہ چیٹ وائرل

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور  سے منسوب ایک مبینہ سوشل میڈیا چیٹ سامنے آنے کے بعد فلم ’پیڈی‘ ایک بار پھر تنازع اور بحث کی زد میں آ گئی ہے، جبکہ فلم کے مناظر اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے مبینہ معاملات پر سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم میں ساؤتھ انڈین سپر اسٹار رام چرن مرکزی کردار میں نظر آئے۔ فلم کی ریلیز کے بعد بعض ناظرین نے جھانوی کپور کے کردار اور چند مخصوص مناظر پر تحفظات کا اظہار کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا۔اسی دوران جھانوی کپور سے منسوب مبینہ چیٹ کے اسکرین شاٹس بھی وائرل ہو رہے ہیں، تاہم اب تک نہ اداکارہ اور نہ ہی فلم کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے ان پیغامات کی کوئی تصدیق کی گئی ہے۔ اس لیے ان دعوؤں کو فی الحال غیر مصدقہ قرار دیا جا رہا ہے۔ان مبینہ چیٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ نے شوٹنگ کے دوران بعض مناظر پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور پروڈکشن ٹیم سے درخواست کی تھی کہ ان کے کردار کی عکس بندی کے دوران مخصوص کیمرہ اینگلز اور فریمنگ سے گریز کیا جائے۔

ان غیر مصدقہ پیغامات سے یہ تاثر لیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے کردار کی پیشکش کے حوالے سے واضح حدود رکھتی تھیں۔مزید یہ بھی دعویٰ سامنے آیا ہے کہ فلم کے کچھ مناظر کے دوران رام چرن نے مبینہ طور پر ان کی حمایت کی اور بعض سینز میں ان کی درخواست پر نرمی برتی گئی، تاہم ان باتوں کی بھی آزادانہ تصدیق موجود نہیں ہے۔دوسری جانب فلم ’پیڈی‘ Peddi کی باکس آفس کارکردگی بھی زیرِ بحث ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے ریلیز کے ابتدائی چار دنوں میں تقریباً 8.90 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے، جسے فلم انڈسٹری میں مایوس کن آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔